راولپنڈی (آن لائن) اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کے مالیاتی اسکینڈل پر مبنی القادر ٹرسٹ ریفرنس میں ملزمہ بشریٰ کے وکیل کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے آخری موقع دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آئندہ تاریخ پر جرح نہ کرنے کی صورت میں جرح کا حق ختم کر دیا جائے گا۔ نیب کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ وکیل صفائی کا جرح کا حق ختم کیا جائے حالانکہ 10 بجے سماعت کا وقت مقرر ہونے کے باوجود وکیل صفائی پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے وکلائے صفائی کو کل (بروز بدھ) صبح 10 بجے تک جرح کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر جرح نہ کی گئی تو جرح کا حق ختم کردینگے عدالت نے ریفرنس کی سماعت 6 نومبر تک ملتوی کردی۔