ایرانی وزیرخارجہ کی پاکستان آمد،وزیراعظم و دیگر سے ملاقات کریں گے

81

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایرانی وزیر خارجہ2 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، وہ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب ونائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔ ملاقات کے دوران رہنماؤں کے درمیان مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات چیت ہوگی جب کہ فریقین پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات پر مشاورت کریں گے۔اس کے علاوہ ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی اور سلامتی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا۔خیال رہے کہ وزیرخارجہ کامنصب سنبھالنے کے بعدسید عباس عراقچی کاپاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ 26 اکتوبر کو اسرائیل نے ایران پر حملے کیے تھے۔ جو اسرائیل کے بقول ایران کے یکم اکتوبر کے بیلسٹک میزائل حملوں کے جواب میں تھے۔ جس میں ایران نے 200 بیلسٹک میزائل اسرائیل میں مختلف مقامات پر داغے تھے۔ دونوں ملکوں کے درمیان اگرچہ روایتی دشمنی ہے۔ تاہم پچھلے ایک سال سے زائد عرصے سے اس کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے جب سے غزہ میں اسرائیلی جنگ فلسطینیوں کے بدترین قتل عام کے حوالے سے مشہور ہوئی ہے۔ دونوں ملکوں نے حالیہ عرصے میں ایک دوسرے پر ایک سے زائد حملے کیے ہیں اور جواب بالجواب کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان اور ایران قریبی پڑوسی ہونے کے ساتھ ساتھ باہمی تعلقات میں کئی معاہدوں کے حوالے سے منسلک رہے ہیں۔ ان میں توانائی ، تجارت، سیکورٹی کے علاوہ بھی علاقائی معاہدات شامل رہے ہیں۔