اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آذربائیجان پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، برادر ملک کے صدر نے دورے کے دوران 2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی بات کی تھی، اب پیغام آیا ہے کہ انہیں انتظار ہے اور اسلام آباد تیاری کرکے بتائے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے کابینہ کو سعودی عرب اور قطر کے دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے متعدد آئٹمز مؤخر کردیے گئے، کابینہ اجلاس کل یا پرسوں دوبارہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حج پالیسی کی منظوری بھی ایک مرتبہ پھر موخر کردی گئی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ سے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب اورقطرکاکامیاب دورہ مکمل کرکے آیاہوں، سعودی ولی عہد نے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، سعودی ولی عہد سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ولی عہد محمد بن سلمان نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بہت دوستانہ گفتگو کی، اگلے دن انہوں نے اپنی ٹیم بھجوائی جس میں سعودی وزیر سرمایہ کاری اور دیگر حکام کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ سعودی عرب میں ہونے والی ملاقاتوں کے نتیجے میں پاکستان کا وفد جلد سعودی عرب جائے گا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی عرب کی طرح قطر کا ڈیڑھ دن کا دورہ بھی انتہائی کامیاب رہا، امیر قطر کے ساتھ وفود کی سطح پر اور ون آن ون ملاقات ہوئی، امیر قطر کی ہمشیرہ نے پاکستان کی تاریخ کے حوالے سے نمائش کا انعقاد کیا جس میں امیر قطر میرے ساتھ تھے۔ وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ قطر میں ملاقاتوں میں طے ہوا کہ ماضی میں قطر نے 3 ارب ڈالر کا جو وعدہ کیا تھا اس کے حوالے سے دونوں ملک تیزی سے آگے بڑھیں گے اور اس کے نتیجے میں قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کی ٹیم جلد پاکستان آرہی ہے اور اس اتھارٹی کے چیئرمین رواں ماہ کے آخر میں پاکستان آئیں گے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی ولی عہد نے واضح کیا کہ آئی ٹی کے شعبے میں بہت گنجائش ہے، لاکھوں لوگوں کی ضرورت ہے، اپنی اسکلڈ لیبر ہمیں بھجوائیں، لاکھوں لوگوں کی ضرورت ہے اور اگلے سالوں میں ہمیں اس کی بہت زیادہ ضرورت پڑے گی، انہوں نے کہاکہ امیر قطر نے بھی پاکستان میں آئی ٹی پارک لگانے کا عندیہ دیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ آذربائیجان سے بھی 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی بات کی تھی، آذربائیجان کے صدر نے بھی دورہ پاکستان کے دوران 2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی بات کی تھی، آذربائیجان سے پیغام آیا ہے کہ انہیں انتظار ہے اور پاکستان تیاری کرکے بتائے، وزیراعظم نے کہاکہ وہ ایک آدھ دن میں اس حوالے سے اجلاس کی صدارت کریں گے۔