محض ڈھائی فیصد کی کمی کیا معنی رکھتی ہے،زبیرطفیل

53

کراچی(کامرس رپورٹر)بزنس کمیونٹی کے رہنمائوں زبیرطفیل ،جاوید بلوانی اور فیصل معیز خان نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں ڈھائی فیصد کی کمی کو حقائق کے برخلاف قرار دیا ہے۔یونائٹیڈ بزنس گروپ کے صدر زبیرطفیل نے کہا کہ جس سطح پر مہنگائی کم ہوئی ہے اور خود اسٹیٹ بینک بھی اسے تسلیم کررہا ہے تو پھر شرح سود میں محض ڈھائی فیصد کی کمی کیا معنی رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری شرح سود کو سنگل ڈیجیٹ پر دیکھنا چاہتی ہے جس سے یقینی طور پر قرضے لینے کی حوصلہ افزائی ہو گی اور کاروباری لاگت میں کمی کی وجہ سے توسیع کو فروغ ملے گا جو یقیناً معیشت کے لیے سازگار ثابت ہوگا ،اس وقت ضرورت اس بات کی تھی کہ شرح سود کو 5فیصد تک کم کیا جاتا اوراگلی مانیٹری پالیسی میں مزید 5فیصد کی کمی کرکے اسے سنگل ڈیجٹ پر لایا جاتا مگر مانیٹری پالیسی کمیٹی نے ایسا نہ کرکے معاشی ترقی کی حوصلہ شکنی کی ہے۔