امن وامان کی بہتری کیلئے اقدامات ہو رہے ہیں، جی آئی جی

152
صدرنکاٹی فیصل معیز خان،ڈی آئی جی پولیس عرفان بلوچ ،ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی اور دیگر نارتھ کراچی صنعتی علاقے میں خطاب کر رہے ہیں

کراچی(بزنس رپورٹر)ڈی آئی جی پولیس( ویسٹ) عرفان بلوچ نے کہا ہے کہ شہر بھر میں آئی جی پولیس غلام نبی میمن اور ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی سربراہی میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں،نارتھ کراچی صنعتی علاقے میں جرائم کے خاتمہ کی کوششوں کے ساتھ غیر قانونی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارنارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی) کے دورے کے موقع پر تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نکاٹی کے صدرفیصل معیز خان اور دیگر ممبران نے بھی اظہار خیال کیا۔جبکہ ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی بھی موجود تھے۔ڈی آئی جی ،ویسٹ عرفان بلوچ نے مزید کہا کہ ہماری ہرممکن یہ کوشش ہوگی کہ انڈسٹریل ایریا کا لاء اینڈ آرڈر بہتر رہے تاکہ فیکٹری مالکان اور مزدورعدم تحفظ کا شکار نہ ہوسکیں اور کاروباری سرگرمیاں کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رہ سکیں یہی وجہ ہے کہ نکاٹی کے اشتراک سے نارتھ کراچی صنعتی علاقے سے باقی ماندہ جرائم کے خاتمہ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،پولیسنگ کا نظام بہت پرانا ہے اسے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے اس کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی کے نظام کو فعال کیا جارہا ہے جس سے جرائم کی شرح میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پولیس کی نفری میں 1400 سے1500اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے اور اس حوالے سے آئی جی سندھ نے حکومت کو بھی آگاہ کردیا ہے ،دوسری جانب نئے اہلکاروں کی تربیت کا عمل جاری ہے جلد نئی نفری بھی میسر ہوگی۔انکا کہنا تھا کہ نکاٹی سے باہمی مشاورت اور تعاون سے جرائم کا سد باب کرنے کی کوشش کا عمل جاری رہے گا تاکہ کاروبار کیلئے بہتر فضا قائم رہے۔ عرفان بلوچ نے مزید کہا کہ غیرقانونی تجاوزات کے خاتمے سے بھی جرائم کی روک تھام میں کمی آتی ہے اس لئے انکروچمنٹ کے سدباب کے لئے مئوثرحکمت عملی بنائی جائے گی۔ قبل ازیں نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان نے کہا کہ نارتھ کراچی صنعتی علاقے میں پولیس کی نفری کم ہونے سے صنعتکار عدم تحفظ کا شکار ہیں اس لئے نارتھ کراچی صنعتی علاقے میں پولیس کی نفری بڑھائی جائے، ڈی آئی جی عرفان بلوچ انتہائی تجربہ کار پولیس افسر ہیں اور ہمیں امید ہے کہ صنعتی علاقوں میں جرائم کی شرح کو قابو میں لانے کیلئے اقدامات کریں گے۔