کندھ کوٹ ، ڈاکوئوں کی مسافر گاڑیوں میں لوٹ مار ، ہندو نوجوان اغوا کر لیا

63

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) ڈاکو راج برقرار، پولیس ڈاکوؤں کو گرفت میں لانے میں ناکام ہو گئی، صبح کے وقت دن دیہاڑے انڈس ہائی وے پر تھانہ بخشاپور کی حدود میں مین ہائی وے پر ڈاکوؤں کے جتھوں نے مختلف مقامات پر مسافر گاڑیوں سے لوٹ مار کی، جبکہ ایک کار بڈانی سے صالح پٹ جا رہی تھی جسے 8 مسلح ڈاکوؤں نے روک کر یرغمال بنالیا، کار میں سوار 2 بچیاں اور 2 ہندوئوں کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کرنے کے بعد ایک نوجوان وکرم کمار کو اغوا کر کے کچے کی طرف باآسانی فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد مسافروں اور مقامی لوگوں نے انڈس ہائی وے پر دھرنا دے دیا، 2 گھنٹے تک دھرنا جاری رہنے کے بعد اے ایس پی کندھکوٹ نے دھرنے میں پہنچ کر ڈاکوؤں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی اور جلد مغویوں کو بازیاب کرانے کا کہہ کر دھرنا ختم کروایا، مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھوں یرغمال ہونے والی 2 بچیاں نکیتا کماری اور انمول کندھکوٹ گردوارہ صاحب پہنچی جہاں میڈیا کے سامنے دونوں بچیوں نے روتے ہوئے بتایا کہ ڈاکو راج کی وجہ سے اب ہم محفوظ نہیں، ہمارے سامنے ہمارے ساتھی کو اغوا کر کے ڈاکو باآسانی فرار ہو گئے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جلد وکرم کمار کو بازیاب کروایا جائے، جب تک وکرم کمار بازیاب نہیں ہوتا، کندھکوٹ سے کہیں نہیں جائیں گے۔ واقعے کے بعد ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب پٹھان کندھکوٹ پہنچ گئے، شہریوں اور ورثاء سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی آئی جی نے کہا کہ اب کیمپ قائم کر کے ڈاکوؤں کیخلاف کارروائی کی جائے گی، جلد وکرم کمار سمیت تمام مغویوں کو بازیاب کروایا جائے گا۔