آئی جی سندھ امن وامان کے حوالے سے لاڑکانہ اور سکھر کا دورہ کریں گے

55

قنبر علی خان (نمائندہ جسارت) آئی جی سندھ غلام نبی میمن امن وامان کے حوالے سے آئندہ ہفتے لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن کا خصوصی دورہ کریں گے، اپنے دورے کے دوران آئی جی سندھ ضلع گھوٹکی کا دورہ بھی کریں گے، جبکہ موٹر وے اور انڈس ہائی وے پر شہریوں کی نقل وحمل کو محفوظ بنانے کے لیے پولیس کی چیک پوسٹوں کو مزید فعال بنانے،دن رات پولیس گشت میں تیزی، مسلح ڈاکوؤں اور ان کی سہولت کاری میں ملوث ملزمان کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے اور پولیس آپریشن کے دوران ملزمان کی سرکوبی اور ان کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے جبکہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بناکر ان کو ہر ممکن فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے اور کوئک ریسپانس حاصل کرنے کے لیے پولیس افسران کے اہم اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے، اپنے دورے کے دوران آئی جی سندھ غلام نبی میمن پولیس افسران سے ملزمان کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی لیں گے، جرائم کے خلاف تیکنیکس کا استعمال کرنے، بہتر اور موثر نتائج کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے لیے آئی جی سندھ غلام نبی میمن پولیس افسران کو خصوصی احکامات بھی صادر کریں گے۔