کنری (جسارت نیوز) 3 روز سے لاپتا نوجوان کی پراسرار طور پر کراچی میں موت واقع ہو گئی، نوجوان کچھ عرصہ سے ڈپریشن کا شکار تھا، تفصیلات کے مطابق 3 روز قبل کنری سے گم ہونے والے نوجوان جواد انور ولد محمد انور آرائیں کی پراسرار طور پر کراچی میں موت واقع ہوگئی جس کی 3 روز سے تلاش جاری تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ نوجوان 2 روز سے کراچی صدر کے علاقے میں نجی ہوٹل میں رہائش پذیر تھا، ہوٹل انتظامیہ کے مطابق نوجوان کی رات کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر اسے سول اسپتال کراچی لے جایا جا رہا تھا کہ اس نے راستے ہی میں دم توڑ دیا، نوجوان کی شناخت جیب سے ملنے والے شناخی کارڈ سے ہوئی جس کی اطلاع کنری میں ان کے ورثاء کودی گئی۔ ورثاء کا کہنا تھا کہ نوجوان اپنا موبائل گھر چھوڑ کر گیا تھا جو بعد میں ایک اٹیچی کیس سے اس کے کپڑوں سے ملا، جبکہ معلوم ہوا ہے کہ نوجوان کے پاس سے ایک ڈائری بھی ملی ہے لیکن اس میں لکھی تحریر سے متعلق اب تک کوئی علم نہ ہو سکا ہے، نوجوان اچھا کرکٹر بھی تھا۔ ورثاء کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے سے ڈپریشن کا شکار ہونے کے باوجود اس نے کبھی کوئی بات ہم سے شیئر نہیں کی۔ دوسری جانب ورثاء لاش کے حصول کے لیے کراچی روانہ ہو چکے جہاں مرحوم کا پوسٹ مارٹم بھی کرایا جائے گا تاکہ اس کی موت کے اسباب کا پتہ چلایا جا سکے۔