لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں اسموگ کے نئے اسپیل کا خطرہ ہے،24 گھنٹوں میں بھارتی ہواؤں کا رخ پاکستان کی طرف ہو گا، جس کے پیش نظر محکمہ ماحولیات نے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ ماحولیات نے مزید حفاظتی اقدامات بڑھانے کی ہدایات کرتے ہوئے لاہور اور اس کے اطراف میں داخل ہونیوالی ہوا کی رفتار 4 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی ہے، جس کی وجہ سے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس دوبارہ سے شدید متاثر ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیرپنجاب مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اسموگ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے کئی اقدامات کیے ہیں، اسموگ کا مسئلہ پوری دنیا میں ہے، ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لیے ماہرین کے مشوروں پر عمل کیا جارہاہے، پورا سال لاہور کی فضا میں سانس لینا دشوار ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اسموگ پر قابو پانے کے لیے ہم نے کئی کارخانے ایسے بند کیے ہیں جو بہت زیادہ دھواں پیدا کررہے تھے، کئی بھٹے بھی ہم ختم کیے ہیں،مزید اقدامات کرنے کے لیے مسلسل ماہرین سے رابطے میں ہیں۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے اسموگ پر قابو پانے کے لیے شہر میں بڑی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قراردیا ہے ، زیادہ دھویں والی گاڑیوں کو بھی فوری بند کرنے کی ہدایات کی گئیں ہیں جبکہ محکمہ تعلیم نے اسموگ کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند کردیے ہیں۔