القسام بریگیڈز کے اسرائیلی ٹینک اور فوجیوں پر نئے حملے کی وڈیو  جاری

317

مقبوضہ بیت المقدس: القسام بریگیڈز کی جانب سے اسرائیلی ٹینک اور فوجیوں پر نئے حملے کی وڈیو  جاری کردی گئی ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے غزہ میں اسرائیلی ٹینک اور فوجیوں پر تازہ حملے کی ایک وڈیو جاری کی ہے، جس میں صہیونی ریاست کی فوج کے ایک ٹینک اور 4 اہل کاروں کو حملے کا نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری اس وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ  اسرائیلی فوج کا ٹینک ایک عمارت کے باہر پوزیشن پر موجود ہے جب کہ عمارت کے اندر سے اسرائیلی فوجی باہر آکر ٹینک کے پیچھے کی جانب جاتے دکھائی دیتے ہیں۔

اسی اثنا میں وہاں ایک زور دار دھماکا ہوتا ہے، جس کے بعد ہر طرف آگ، شعلے اور دھواں پھیل جاتا ہے۔

وڈیو میں بتایا گیا ہے کہ القسام بریگیڈز کی جانب سے اسرائیلی فوج پر یہ کارروائی 2 نومبر کو غزہ کے شمالی علاقے جبالیہ میں کی گئی، جس کی وڈیو آج جاری کی گئی ہے۔