الخدمت بنو قابل پروگرام نوجوانوں کیلیے اُمید بن چکا ہے، منعم ظفر خان

146
not remain silent

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ مفت آئی ٹی کورسز کاالخدمت بنو قابل پروگرام بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان میں نوجوانوں کو مایوسی سے نکالنے کے لیے اُمید بن چکا ہے،کراچی میں اب تک 55کیمپس قائم کرچکے ہیں جہاں سے ہزاروں نوجوان مختلف کورسز کرکے اپنے پاؤں پر کھڑے ہورہے ہیں۔

فری آئی  ٹی کورسزکے لئے آئی آئی چندریگر روڈ ریلوے گراؤنڈ میں بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0 میں  شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئےمنعم ظفر خان نے کہاکہ   پاکستانی نوجوانوں کو مایوس ہوکر ملک چھوڑنے کی ضرورت نہیں بلکہ سیکھنے، قابل و با صلاحیت بننے اورمعاشی استحکام کے لیے زرمبادلہ کمانے کی ضرورت ہے، آئی ٹی کے میدان میں پاکستان بہت پیچھے ہے اور ہماری حکومتوں کو ملک کے مستقبل کی کوئی پرواہ نہیں،حکمران ملک وقوم کے نام پر قرضے لے کر لوٹنے میں لگے ہیں اور ملک معاشی بحران کا شکار ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ بنوقابل پروگرام کے تین کامیاب بیچ مکمل ہونے کے بعد چوتھے بیچ کاآغاز کیا جارہا ہے اور کراچی کے ہر ڈسٹرکٹ میں ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کا عمل جاری ہے،الخدمت بنوقابل سے آئی ٹی کورسز کرنے والے اب ڈالرز میں کمانے لگے ہیں یہی نوجوان قابل بن کر ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ   الخدمت اور جماعت اسلامی کراچی کی ہرآبادی میں کیمپس قائم کرکے پورے کراچی کے نوجوانوں کو بنوقابل پروگرام سے استفادہ کا موقع دے رہے ہیں۔جماعت اسلامی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے کہ یہاں پانچ ماہ کے دوران دوسرا ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ منعقد کیاجارہاہے، ہزاروں نوجوان اس وقت زیر تعلیم ہیں جبکہ مزید ہزاروں کو رجسٹرڈ کیا جارہاہے۔