کراچی (صباح نیوز ) کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرین نے سعودی عرب میں ایک پاکستانی مزدور کے مبینہ قتل پر انصاف کا مطالبہ کیا۔ مظاہرے میں شریک افراد نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ”ہمیں انصاف چاہیے” اور ”الراجحی نیشنل کمپنی” کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی مزدور عبدالرؤوف کو سعودی عرب میں ظلم کا نشانہ بنایا گیا اور اس کی موت کے حقائق کو چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے پاکستانی حکومت اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ اس معاملے کی تحقیقات کروائی جائیں اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔شرکاء نے مطالبہ کیا کہ سعودی حکومت اور متعلقہ کمپنی کے حکام کو جوابدہ بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ مظاہرے میں مختلف سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی اور مقتول کے حق میں آواز بلند کی۔