مٹیاری: اتائیوں کی بھرمار سیکڑوں افراد وبائی امراض کا شکار

69

مٹیاری (نمائندہ جسارت) ضلع کے شہروں مٹیاری، ہالا، بھٹ شاہ، نیو سعیدآباد سمیت مختلف چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں میں اتائیوں نے کلینک کھول لیے۔ ایک ہی سرنج مختلف مریضوں کو لگانے کے باعث سیکڑوں افراد ہپاٹائٹس بی سی اور ایڈز جیسے مہلک امراض میں مبتلا ہوگئے، ہزاروں افراد کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں۔ اتائیوں نے مختلف ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کے سائن بورڈ کلینکوں پر آویزاں کر لیے، جبکہ محکمہ صحت میں موجود کچھ کالی بھیڑیں کارروائی ہونے سے قبل اتائیوں کو اطلاع پہنچادیتی ہیں جس کے باعث اتائی کلینک بند کرکے فرار ہوجاتے ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام نے اتائیوں کے خلاف تاحال مؤثر کارروائی نہیں کی جس کے باعث موت کے سوداگر کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سول سوسائٹی نے وزیراعلیٰ اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔