معاشرے کی اصلاح ہی کے ذریعے تبدیلی لائی جا سکتی ہے، ارتضیٰ حسنی

31

لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور غربی سید علی ارتضیٰ حسنی نے کہا ہے کہ قرآن وسنت سے انحراف اور اپنے ذاتی مفادات کے لیے حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، جماعت اسلامی بیساکھیوں کے بغیر حکومت کی اصلاح جاری رکھے گی، معاشرے کی اصلاح ہی کے ذریعے دیرپا تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی غربی لاہور کی شوریٰ کے اجلاس میں حلف برداری کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن نے معاشرے کی نبض پر ہاتھ رکھا ہوا ہے، ان کی قیادت میں عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رہے گی، آئی پی پیز خواہ وہ پرائیویٹ سیکٹر کے ہوں یا اداروں کے، سب کے کیپسٹی چارجز ختم کرنا ہوں گے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں لیکن پاکستان میں بڑھ رہی ہیں، جماعت اسلامی 24 کروڑ عوام پر ظلم نہیں ہونے دے گی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی حقیقی جمہوری جماعت ہے جس میں عہدوں کے لیے چھینا جھپٹی نہیں ہوتی۔ اجلاس میں سابق امیر ضلع عبدالعزیز عابد بھی موجود ہیں اور نئے امیر نے حلف لیا ہے، ہم سب ان کی استقامت کے لیے دُعا گو ہیں، جماعت اسلامی یہی شفاف نظام ملک میں نافذ کرنا چاہتی ہے۔