پاکستان ‘ جرمنی : بلین ٹری منصوبے کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے پر متفق

15

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی جمہوریہ جرمنی پاکستان کو بلین ٹری فاریسٹیشن سپورٹ پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے 20 ملین یورو فراہم کرے گا، اس ضمن میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی منظوری کے بعد معاہدہ پر دستخط کیے گئے ہیں۔ سیکرٹری وزارت اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور جرمن ترقیاتی بینک (کے ایف ڈبلیو) کی ڈائریکٹر ایستھرگراوین کوٹر نے اپنی اپنی حکومتوں کی جانب سے معاہدہ پر دستخط کئے۔ وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ منصوبہ اقوام متحدہ کی 26ویں کلائیمیٹ کانفرنس میں شروع کئے گئے پاک۔جرمن کلائیمئٹ اینڈ انرجی شراکت داری کا اہم حصہ ہے۔ جرمن حکومت پاک جرمن کلائمیٹ اینڈ انرجی پارٹنر شپ کے ذریعے پاکستان کے موسمیاتی خطرات میں کمی لانے کیلئے مکمل تعاون کررہی ہے۔ اس معاہدے پر دستخط کے ساتھ، جرمن وزارت اقتصادی تعاون اور ترقی کی جرمن ترقیاتی بینک کے ذریعے اس پروگرام کے لیے فنڈنگ 33.5ملین یورو تک پہنچ گئی ہے۔ بلین ٹری منصوبے 13.5 ملین کی لاگت سے جاری پہلا مرحلہ خیبر پختونخوا کے محکمہ برائے موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات اور جنگلی حیات کے ساتھ شراکت میں زیرعمل ہے۔ یہ منصوبہ خیبرپختونخوامیں جنگلات کے تحفظ کے لئے پائیدارنظام قائم کرنے میں معاونت کرے گا۔ اس منصوبے کے تحت دس ہزارایکڑ زمین پرپودے لگائے جائیں گے، علاوہ ازیں اس کے ذریعے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم بنے گا جس سے محکمہ جنگلات کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔ بلین ٹری منصوبہ جنگلات کے تحفظ میں کلیدی شراکت دار کے طور پر کمیونٹیز کو بھی شامل اور متحرک کرے گا۔ یہ منصوبہ غربت میں کمی کے لیے قدرتی ذریعہ معاش پیدا کرنے میں مدد فراہم کرے گاجس سے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور فیصلہ سازی کے عمل میں شرکت کو فروغ ملے گا۔