عمران خان نے کہا ہے کہ کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہو گی: فیصل چوہدری

153

بانئ پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عمران خان کی کسی غیر ملکی وفد سے ملاقات نہیں ہوئی ، اڈیالہ جیل آنے والے غیر ملکی وفد کا بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بانئ پاکستان تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہو گی،بانئ پی ٹی آئی نے گزشتہ دو سماعتوں پر بات نہیں کی، بات نہ کرنے کی وجہ سماعتیں مختصر ہونا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے احتجاج جاری رکھیں گے ،عمران خان نے انتظار پنجوتھہ کے اغواء پر تشویش کا اظہار کیا ہے ،بانئ پی ٹی آئی نے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر سپریم کورٹ جانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جیل ملاقاتوں میں رکاوٹ پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی ہے، ان کو 30 دن سے اخبارات نہیں دیے جا رہے۔