سونے کا تمغہ جیتنے والے رمیز ابراہیم فخر پاکستان ہیں، گورنر سندھ

170
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری گولڈ میڈلسٹ رمیز ابراہیم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے مسٹر یونیورس کے مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتنے والے رمیز ابراہیم فخر پاکستان ہیں اور یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ رمیز ابراہیم گورنر ہائوس آئے۔گورنر ہائوس سے اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمیز ابراہیم سے گفتگو کے دوران کیا۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اس نوجوان نے اپنی مدد آپ کے تحت پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمیز ابراہیم کو اسی طرح پیار، محبت دیں گے جس طرح دیگر قومی ہیروز کو دیا۔گورنر ہاس میں رمیز ابراہیم کو سونے کا تمغہ دیا تو رمیز ابراہیم نے جذباتی ہوکر اپنے تمام تمغے مجھے پہنا دیئے، جس پر میں نے وہ تمام تمغے رمیز ابراہیم کو واپس کئے کہ ان تمام تمغے پر آپ کا ہی حق ہے، یہ تمام تمغے آپ نے پاکستان کے لئے جیتے ہیں۔گولڈ میڈلسٹ رمیز ابراہیم نے کہا کہ جب عالمی چیمپئن بنا تو کسی نے پذیرائی نہیں کی مگر مسٹر یونیورس مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتنے پر گورنر سندھ نے فون کیا تو میرے آنسو نکل آئے۔گورنر سندھ کے فون سے میری ہمت و حوصلہ بڑھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج میرا حوصلہ چٹان کی مانند ہے اور انشااللہ آئندہ 6 عالمی ٹائٹلز بھی جیت کر دکھائوں گا۔