بلائنڈ کرکٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے چوتھے ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان

44

اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک)ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بلائنڈ کرکٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے چوتھے ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، ٹورنامنٹ کا آغاز 23 نومبر سے لاہورمیں ہو گا۔ 3 دسمبر تک جاری رہنے والے میگا ایونٹ میں بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، سائوتھ افریقہ، نیپال، افغانستان اور میزبان پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ بھارتی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی ،ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ سائوتھ افریقہ اور میزبان پاکستان کے مابین 23 نومبرکو جی آئی سی کرکٹ گرائونڈ ڈی ایچ اے لاہور میں کھیلا جائے گا۔ روایتی حریف بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں 25 نومبر کو مدمقابل ہوں گی۔ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ کے مطابق ایونٹ میں شریک غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ 21 نومبر تک مکمل ہوجائے گا۔ ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب 22 نومبر کو لاہورمیں منعقد ہوگی۔ افتتاحی میچ سمیت ایونٹ کے 15 میچز کی میزبانی لاہور جبکہ سیمی فائنلز اور فائنل سمیت 9 میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے۔