رواں برس کا اکتوبربھی اسرائیل پربھاری ، 37فوجی مارے گئے،خامنہ ای نے نئے حملے کی تیاری کا حکم دے دیا

104

 

غزہ /تل ابیب / بیروت /واشنگٹن/اقوام متحدہ (مانیٹرنگ ڈیسک /آن لائن /اے پی پی) غزہ اور لبنان میں ہونے والی جنگ اور اسرائیل میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائیوں کے نتیجے میں اکتوبر کے مہینے میں اسرائیل میں بھاری جانی نقصان ہوا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان میں جاری زمینی آپریشن میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 37 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے۔غزہ میں جاری جنگ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں مجموعی طور پر 19 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ ایک اسرائیلی فوجی حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہوا۔ اس کے علاوہ غزہ میں ایک اسرائیلی قیدی کی ہلاکت کی بھی تصدیق ہوئی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں اسرائیل کے اندر فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں9 اسرائیلی شہری اور 2 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے‘ یکم اکتوبر کو تل ابیب کے قریب 7 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔اکتوبر میں اسرائیل پر ہونے والے ڈرون اور میزائل حملوں میں مجموعی طور پر 13 شہری ہلاک ہوئے جبکہ ڈرون حملوں کے نتیجے میں 6 اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ اور لبنان میں ہونے والی زمینی جنگ، ڈرون اور راکٹ حملوں اور اسرائیل کے اندر فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائیوں کے نتیجے میں اکتوبر کے مہینے میں فوج اور پولیس کے اہلکاروں اور شہریوں سمیت 88 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔ امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اسرائیل کے خلاف بھرپور حملے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اسرائیلی انٹیلی جنس حکام کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی اخبار کا کہنا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل کو سخت جواب دینے کا حکم دیا ہے‘ ایران حملے کی تیاریاں کر رہا ہے اور یہ حملہ گزشتہ 2حملوں سے بھی زیادہ بڑا ہو سکتا ہے۔5 نومبر کو امریکی انتخابات سے پہلے ایران، عراقی ملیشیا کے ذریعے ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر حملے کی تیاری کررہا ہے۔اسرائیلی فوج نے غزہ میں 24 گھنٹے کے دوران 95 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں حملے جاری رکھے‘ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے جبالیہ کے علاقے میں جمعے کو بھی بمباری کا سلسلہ جاری رکھا۔ تباہ حال علاقے سے ہزاروں فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے۔ دوسری جانب لبنان کے دارالحکومت بیروت میں عوام کو 2 علاقے فوری خالی کرنے کا حکم دیتے ہوئے حملوں کی تیاری شروع کردی گئی جب کہ 24 گھنٹے میں 6 میڈیکل ورکرز سمیت 45 لبنانی شہید کردیے گئے۔اس کے علاوہ شام میں لبنانی سرحد کے قریب بھی اسرائیل نے حملہ کیا جس میں 10شہری شہید ہوگئے۔لبنان سے حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی علاقے پر راکٹ حملوں میں 7 یہودی ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی اسرائیل پر حزب اللہ کے راکٹ حملوں میں میٹولا اور حیفہ کے قریب کھیتوں میں کام کرنے والے 4 غیر ملکیوں سمیت7 افراد مارے گئے۔ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے دفتر کو بلڈوزرز کی مدد سے تباہ کردیا۔ العربیہ کے مطابق اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے ایکس پر پوسٹ میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے نور شمس کیمپ میں ایجنسی کے دفتر کو بلڈوزرز کی مدد سے نقصان پہنچایا۔ اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہماری اولین ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے نئے فوجی افسروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ایران میں کہیں بھی پہنچ سکتے ہیں، حالیہ حملوں کے بعد اسرائیل کو حملوں کی بے مثال آزادی حاصل ہوگئی ہے۔نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کی فوج اور سیکورٹی شاخوں کو جو حتمی ہدف دیا گیا ہے وہ ایران کو ہرقیمت پر جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے،اسرائیل اپنے دفاع کے لیے ہرممکن اقدام کرے گا۔