صوابی(این این آئی)جہانگیرہ (صوابی)کے مقام پر ریت سے بھرے ڈمپر کی ٹکر سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں کو فوری طور پر باچہ خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور (صوابی)منتقل کر دیا گیا، پولیس چوکی جہانگیرہ کے انچارج عاطف خان نے پیچھا کرکے ڈمپر پر قابو پا لیا تاہم ڈرائیور فرار ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق ریت سے بھرا ایک ڈمپر ٹرک جہانگیرہ نوشہرہ کی طرف جارہا تھا جب ٹی ایم اے ٹیکس کیمپ کے قریب پہنچا تو ٹیکس ادائیگی سے بچنے کے لیے ڈرائیور گاڑی کی رفتار تیز کرکے بھگا رہا تھا کہ اس دوران تین نوجوان ارباز ، اسلام الدین اور عادل زد میں آکر شدید زخمی ہوگئے جن میں ارباز جاں بحق ہو گیا جبکہ دیگر کو بی ایم بی شاہ منصور صوابی میں منتقل کردیا گیا ، حادثے کے بعد ڈمپر کا ڈرائیور بھاگ گیا تاہم عاطف خان انچارج پولیس چوکی جہانگیرہ (صوابی)نے پولیس کے ہمراہ بھا گنے والے ڈمپر ڈرائیورکا پیچھا کیا اور ڈمپر تک جا پہنچے جسے وتڑ (نوشہرہ)کے مقام سے برآمد کرکے اسے اپنے قبضے میں لے لیا جبکہ ڈمپر ڈرائیور فرار ہو گیا۔دوسری جانب صوابی پولیس نے قتل کے مقدمہ میں مطلوب ملزم کو آلہ قتل پستول سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق مدعی مقدمہ زاہد خان نے تھانہ میں رپورٹ درج کرتے ہوئے کہا کہ ملزم عثمان اللہ سکنہ پابینی نے مسمی 71 سالہ بوڑھے زرین جمال پر بہ ارادہ قتل فائرنگ کرکے شدید زخمی کیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوا،اس واقعہ پر ڈی ایس پی سرکل صوابی عدنان اعظم خان کی قیادت میں ایس ایچ او صوابی الطاف خان معہ پولیس ٹیم اے ایس آئی عامر خان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم عثمان اللہ کو آلہ قتل پستول سمیت گرفتار کیا گیا۔وجہ عناد تنازع اراضی ہے۔مزید تفتیش جاری ہیں۔