لاہور: جماعت اسلامی پاکستان نے 26 ویں آئینی ترمیم چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26 آئینی ترمیم کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
منصور ہ میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ 26 آئینی ترمیم کے حوالے سے وکلا سے مشاورت حتمی مراحل میں ہے کیونکہ حکومت نے آئینی ترمیم سے عدلیہ پر قبضہ جمانے کی کوشش کی ہے،عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے جھوٹے دعوے کرکے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا ہے، جس کی وجہ سے عوام کی زندگی مزید اجیرن ہوگئی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی لیکن یہاں اضافہ کردیا گیا، عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے جارہے ہیں، حکومت کے معیشت میں بہتری کے دعوے جھوٹے ہیں اور پوری حکومت ہی جھوٹ پر کھڑی ہے، جس کی وجہ سے ملک کا دیوالیہ ہورہاہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اشرافیہ ٹیکس نہیں دیتی اور غریبوں اور تنخواہ داروں کا خون نچوڑا جا رہا ہے، حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں کم ازکم 100روپے فی لیٹر کمی کرے، بجلی کا ٹیرف اور پیٹرول کی قیمت میں کمی کیے بغیر معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی۔