سندھ حکومت وکے ایم سی میں کرپشن وقبضہ میئر کی نااہلی نے کراچی کو تباہ کردیا، توفیق الدین

118

کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری توفیق الدین صدیقی نے کہا ہےکہ سندھ حکومت اور کے ایم سی میں کرپشن اور قبضہ میئر کی نااہلی و ناقص کارکردگی نے کراچی کو تباہ وبرباد کردیا ہے،پیپلزپارٹی کے ٹاؤن اور یوسیز کو نوازنے کے باوجود صورتحال خراب اور عوام مشکلات و پریشانیوں کا شکار ہیں،اربوں روپئے ٹیکس ادا کرنے والا شہر آج بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

اللہ والا ٹاؤن کورنگی میں مسجد رحمت کے اطراف میں اپنی مدد آپ کے تحت 22لاکھ روپے کی لاگت سے11ہزار فٹ سید عبد الرحیم مرحوم ماڈل اسٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری نے کہاکہ  کراچی منی پاکستان ہے اورپورے ملک کی معیشت چلاتا ہے لیکن حال یہ ہے کہ سڑکیں تباہ اور شہریوں کے لیے باعزت ٹرانسپورٹ نہیں ہے، گزشتہ 12سال میں 4حکومتوں نے کراچی سرکلر ریلوے کاافتتاح کیالیکن یہ بحال نہیں ہوسکی۔

توفیق الدین صدیقی  کا کہنا تھا کہ  سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کراچی کے عوام کو پانی کے K3منصوبے کا تحفہ دیا اور 2005میں کے فور منصوبہ پیش کیا،اس کے لیے بجٹ منظور کروایا، اس منصوبے کو 2012میں مکمل ہونا تھا،آج 2024تک کے فور منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا جب کہ11ارب روپے کے فورمنصوبے پر خرچ کردیے گئے، اب کہتے ہیں کہ 2025میں کے فورمنصوبہ مکمل ہوجائے گا لیکن واٹر بورڈ کے حکام کے مطابق اگر کے فور منصوبہ مکمل ہو بھی گیا تو اگلے 3سال تک کراچی کے شہریوں کو پانی نہیں مل سکے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ کراچی کے عوام کو ان کے جائز اور قانونی حقوق ملنے چاہیئے،کراچی آگے بڑھے گا تو ملک ترقی کرے گا۔