ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر بائیو میٹرک مشینیں لگانے کا فیصلہ

124

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر بائیو میٹرک مشینیں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت داخلہ نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کو لازمی قرار دیتے ہوئے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو فوری اقدامات کرنے کا مراسلہ جاری کردیا۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق کے باعث مطلوب ملزمان کا ملک کے اندر اور باہر سفر کرنا ناممکن ہو جائے گا، ایئر پورٹس پر بین الاقوامی امیگریشن کاؤنٹرز پر مشینیں لگائی جائیں جس سے مسافروں کی موثر اسکریننگ کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بائیو میٹرک کے اس اقدام کا مقصد سیکورٹی کو زیادہ موثر اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق بنانا ہے۔