کراچی(کامرس رپورٹر)دبئی میں پاکستانی سفیرفیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ میں پاکستانی کمپنیوں کی پیش کردہ مصنوعات کی پسندیدگی باعث اطمینان ہے،پاکستانی سفیر نے پاکستان کے پویلین کے دورے کے دوران ملکی نمائش کنندگان کی جدید اور اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی تعریف کی۔ تفصیلات کے مطابق دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 28 اکتوبر سے شروع ہونے والی نمائش بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ کا بدھ 30اکتوبر کو اختتام ہوگیا۔نمائش میں پاکستان کے 37 کمپنیوں نے بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2024 میں جدید مصنوعات پیش کیں۔دبئی میں پاکستان کے سفیرفیصل نیاز ترمذی نے پویلین کے دورے کے دوران پاکستانی نمائش کنندگان کی جانب سے پیش کردہ مصنوعات کو سراہا۔بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ کا 28 واں ایڈیشن تیر روز تک جاری رہنے کے بعد دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔ یہ کاسمیٹکس اورwellness کا سب سے بڑا بین الاقوامی تجارتی میلہ ہے جس میں 1,750 سے زیادہ نمائش کنندگان نے شرکت کی اور 150 سے زائد ممالک سے 70,000 سے زیادہ زائرین کو اپنی طرف متوجہ کیا۔پاکستان نے 21 براہ راست نمائش کنندگان اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے تحت 16 نمائش کنندگان نے ہیئر، کاسمیٹکس اور اسکن کیئر، خوشبو کے مرکبات اور پرفیومری، مشینری، اورپرسنل کیئر کی مصنوعات کے ساتھ زابیل ہال 2 میں شرکت کی۔