تجارت کے بارے میں وزیرخزانہ کی سوچ مثبت ہے، میاں زاہد حسین

21

کراچی(کامرس رپورٹر)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، ایف پی سی سی آئی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اورسابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بھارت سے تجارت کی خواہش خوش آئند ہے جس پرعمل درآمد کرنے میں تاخیر نہ کی جائے کیونکہ اس سے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت سے بہترتعلقات اورتجارت ن لیگ کے قائد میاں نوازشریف کی دیرینہ خواہش ہے جس کی انھیں کئی بارسزا بھی ملی ہے تاہم اس سے انکے اصولی موقف میں تبدیلی نہیں آئی۔ حالیہ ایس سی او کانفرنس کے موقع پربھی انھوں نے بھارت سے تعلقات کے بارے میں حوصلہ افزاء بیان دیا۔ اب وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے پڑوسیوں سے تجارت کے حق میں بیان خوش آئند ہے۔ پاکستان اور بھارت کی کشیدگی کی وجہ سے سارک تنظیم بھی غیر فعال ہے جبکہ پاکستان کی ترقی کا عمل بھی مشکلات سے دوچار ہے۔ کشیدگی کا زیادہ نقصان پاکستان کوہورہا ہے جبکہ بھارت اس صورتحال میں بھی ترقی کررہا ہے۔ اس وقت بھارت کی ایک دن کی برآمدات پاکستان کی تقریباً ایک ماہ کی برآمدات کے برابر ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ جنوبی ایشیا دنیا کے سب سے کم ہم آہنگی والے خطوں میں سے ایک ہے جوبہت سے مسائل کی جڑہے۔