کراچی (اسپورٹس رپورٹر) آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے6 ارکان کل سے 6 نومبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کیمپ میں حصہ لیں گے۔ میزبان آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 14 سے 18 نومبر تک کھیلی جائے گی۔ کیمپ میں شریک کھلاڑی جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سفیان مقیم اور عثمان خان آج شام کراچی میں جمع ہوں گے۔ کوچ سعید بن ناصر 5 روزہ کیمپ کی نگرانی کریں گے جہاں کھلاڑی تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گے۔ کیمپ کا سپورٹ اسٹاف سعید بن ناصر (کوچ) عبدالسعد (کوچ) امتیاز (فزیو) اور تیمور محمود (ٹرینر) شامل ہیں۔ کیمپ کے اختتام پر کھلاڑی 10 نومبر کو آسٹریلیا روانہ ہونے سے قبل اپنے شہروں کو روانہ ہو جائیں گے۔ پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں محمد رضوان (کپتان)، عرفات منہاس، بابر اعظم، حارث رؤف، حسیب اللہ، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔