گلشن ٹاؤن کا بلدیاتی سہولیات کا دائرہ کار تعلیمی اداروں تک پہنچ گیا

61
چیئرمین گلشن اقبال ٹائون ڈاکٹر فواد احمد جامعہ کراچی میں استرکاری کے کام کامعائنہ کررہے ہیں

کراچی( اسٹاف رپورٹر)چیئرمین گلشن ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ جامعات کسی بھی معاشرے کی ترقی کی ضامن ہوتی ہیں یہاں سے طالب علم تیار ہو کر مختلف فیلڈز میں جاکر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے ہیں جس ملک میں اچھی جامعات ہوں گی وہاں کی ترقی ومسائل کو حل کرنا آسان ہو جاتا ہے بدقسمتی سے ماضی میں جامعہ کراچی کے اندر کام کرنے سے گریز کیا جاتا رہا جبکہ یہ کام اپنے لحاظ سے کسی نہ کسی کو سر انجام دینا چاہیئے تھاجب ہم سے جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے بلدیاتی کاموں کے حوالے سے درخواست کی تو اس کو اپنے لئیے اعزاز سمجھتے ہوئے اپنی زیر نگرانی میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی میں محکمہ فوڈ سائنس سے متصل سڑک کی استرکاری کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ گلشن اقبال ٹاؤن کی حدود میں بہت ساری جامعات آتی ہیں ، ہم نے بھی نئے آئیڈیاز کو فروغ دینے اور مسائل کے حل کیلئے جامعات کے طالب علموں کو دعوت دی تھی اور بہت سارے آئیڈیاز پر ان کو سراہنے کے ساتھ اس پر عملی اقدامات بھی کر رہے ہیں ، اس موقع پرجامعہ کراچی کی انتظامیہ اور طالب علموں نے بھی ڈاکٹر فواد احمد کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ گلشن ٹاؤن کی تعمیر و ترقی میں ٹاؤن چئیرمین کے اقدامات لائق تحسین ہیں اور یقین دہانی کرواء کہ وہ جہاں تک ممکن ہوگا ٹاؤن کی ترقی میں اپنا کردار بھی ادا کرینگے۔