اسلام آباد (نمائندہ جسارت) ارکان اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے امریکی اراکین کانگریس کے صدر بائیڈن کو لکھے خط کو ملکی معاملات میں مداخلت قرار دے دیا۔پاکستانی پارلیمنٹ کے 160 اراکین نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا، ارکان پارلیمنٹ نے خط امریکی کانگریس کے62 ارکان کی پاکستان کی داخلی صورتحال میں مداخلت پر لکھا۔ممبران پارلیمنٹ نے خط میں لکھا کہ بحیثیت ممبر پارلیمنٹیرین سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم کے ذریعے کانگریس ارکان کو آگاہ کریں، پاکستان جمہوری چیلنجز سے نبرد آزما ہے جسے انتہاپسندی کی سیاست نے مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ریاستی اداروں کے خلاف سیاسی تشدد اور مجرمانہ دھمکیوں کو متعارف کرایا، عمران خان نے 9 مئی 2023ء کو بڑے پیمانے پر ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی، انہوں نے ہجوم کو پارلیمنٹ، سرکاری ٹیلی ویڑن کی عمارت اور ریڈیو پاکستان پر حملے کے لیے اکسایا۔اراکین پارلیمنٹ نے خط میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے انتشاری سیاست سے اگست 2014ء اور مئی 2022 ء میں بھی ملک کو مفلوج کیا تھا، عمران خان جیل سے کارکنان کو اسلام آباد اور لاہور میں انتشار وتشدد کو ہوا دینے پر اکساتے رہے ہیں۔وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا کو ڈیجیٹل دہشت گردی، انتشار اور بدامنی کو ہوا دینے میں استعمال کیا، عمران خان کی منفی مہم میں امریکا، برطانیہ میں مقیم منحرف عناصر کردار ادا کر رہے ہیں۔