کراچی (اسٹاف ر پورٹر) ارسا ایکٹ میں ترامیم ، دریائے سندھ سے مزید 6 کینال نکالنے اور سندھ کا پانی کسی صورت چوری کرنے نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار جی ڈی اے کی کور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیر پگارا نے کیا۔انہوں نے کہا کہ نئی اسکیم کے تحت کراچی کے پینے کا پانی کم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، میں سندھ کے عوام کے حقوق کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہوں ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دریائے سندھ بچاؤ مہم کو مزید متحرک کیا جائے گا ، اجلاس میں شرکاء نے ارسا ایکٹ میں ترمیم کو وفاق کو کمزور کرنے کی سازش قرار دیا اور دریائے سندھ سے مزید 6 کینال نکالنے کو آئین کی خلاف ورزی قرار دیا ، اجلاس میں شرکاء نے حقیقی جمہوریت قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 2024ء کے انتخابات جعلی اور فارم 47 کے تحت تھے جن کو مسترد کرتے ہیں ، اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کو مسترد کیا گیا ، اجلاس میں پیر سید صدرالدین شاہ راشدی ، محمد علی درانی ، سید مظفر حسین شاہ ، ڈاکٹر صفدر عباسی ، لیاقت جتوئی ، ارباب غلام رحیم ، غلام مرتضی جتوئی ، سید زین شاہ ، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا ، سید راشد شاہ، سردار عبدالرحیم ، ایاز لطیف پلیجو ، سائرہ بانو ، حسنین مرزا اور دیگر نے شرکت کی ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیر پگارا نے مزید کہا کہ ملکی جمہوری سیاسی جماعتوں سے رابطے جاری رہیں گے، اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے عوام کو جاگنا ہوگا اور جی ڈی اے سندھ کے عوامی مسائل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ، اجلاس میں سندھ میں امن و امان کی انتہائی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور صحافیوں سے ہونیوالے زیادتیوں کی مذمت کی گئی ،اس موقع پر فنکشنل لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد علی درانی نے اجلاس کے شرکاء کو وفاق میں ہونیوالی سیاست سے آگاہی دی۔