وفاقی حکومت نے رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت 6,770 عہدے ختم کر دیے

116

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت گریڈ 1 سے 22 تک کی مختلف وزارتوں، محکموں اور ڈویژنوں سے 6,770 عہدوں کو ختم  کردیے ہیں ۔ اس فیصلے کا مقصد انتظامی اخراجات میں کمی لانا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اس میں سے 4,816 عہدے گریڈ-1 سے گریڈ-22 تک کے شامل ہیں، جبکہ 1,954 عہدوں کو وفاقی کابینہ کے اگست میں کیے گئے فیصلے کے تحت “مردہ” قرار دیا گیا ہے۔ کابینہ نے 27 اگست کو یہ فیصلہ کیا تھا کہ وزارتوں اور ڈویژنوں میں موجود خالی عہدوں کا 60 فیصد ختم کیا جائے گا تاکہ انتظامی ڈھانچے کا حجم کم کیا جا سکے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق، ختم کیے گئے عہدوں کی تفصیل یہ ہے کہ گریڈ-22 کے دو، گریڈ-20 کے 22، گریڈ-19 کے 69، گریڈ-18 کے 93، گریڈ-17 کے 270، گریڈ-16 کے 325، گریڈ-15 کے 122، گریڈ-14 کے 382، گریڈ-13 کے 155، گریڈ-12 کے 26، گریڈ-11 کے 254، گریڈ-10 کے 29، گریڈ-9 کے 862، گریڈ-8 کے 28، گریڈ-7 کے 360، گریڈ-6 کے 14، گریڈ-5 کے 86، گریڈ-4 کے 261، گریڈ-3 کے 80، گریڈ-2 کے 419، اور گریڈ-1 کے 957 عہدے شامل ہیں۔

“مردہ” قرار دیے گئے عہدوں میں گریڈ-18 کے دس، گریڈ-17 کے بارہ، گریڈ-16 کے 147، گریڈ-15 کے 199، گریڈ-14 کے 92، گریڈ-13 کے سات، گریڈ-12 کے چھ، گریڈ-11 کے 194، گریڈ-10 کے پانچ، گریڈ-9 کے 215، گریڈ-8 کے پانچ، گریڈ-7 کے 95، گریڈ-6 کے سات، گریڈ-5 کے 71، گریڈ-4 کے 235، گریڈ-3 کے 13، گریڈ-2 کے 63، اور گریڈ-1 کے 578 عہدے شامل ہیں۔

غیر گزیٹڈ عہدوں کی تعداد 4,360 ہے جبکہ گزیٹڈ عہدے 456 ہیں۔ ایسٹبلشمنٹ ڈویژن نے وزارتوں اور ڈویژنوں کو اس فیصلے پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس مہینے کے آغاز میں، ایسٹبلشمنٹ ڈویژن نے 102 دستیاب خالی عہدوں میں سے 65 عہدے ختم کر دیے تھے، جبکہ وزارت صحت نے 654 عہدے ختم کیے ہیں۔

یہ اقدام وفاقی حکومت کی جانب سے کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت اٹھایا گیا ہے، جس کا مقصد عوامی وسائل کا بہتر استعمال اور انتظامی کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔