کراچی : پولیس اور رینجرز نے ایک مشترکہ کارروائی میں کچی علاقے گڑھی ٹیغو سے ایک یرغمالی کو بازیاب کر لیا، جس کے دوران ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ہے لیکن کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملیں ۔
ایس ایس پی شاہ زب چانچڑ نے کہا کہ ڈاکو فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے اور ایک یرغمالی بازیاب کر لیا گیا ۔ بازیاب ہونے والے یرغمالی کی شناخت شیر دل کے طور پر ہوئی ہے، جو کہ کراچی کے سنگر چورنگی سے اغوا کیا گیا تھا۔ پولیس نے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
مزید برآں، اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) کی پولیس کی ایک ٹیم نے شکارپور میں ایک یرغمالی کو بازیاب کیا، جسے کراچی سے ہنی ٹریپ کرکے شکارپور بلایا گیا اور یرغمال بنایا گیا۔
ایس ایس پی انیل حیدر نے کہا کہ نور محمد کو 19 ستمبر کو ہنی ٹریپ کرکے شکارپور بلایا گیا اور اغوا کاروں نے یرغمالی کی محفوظ رہائی کے لیے 10 ملین روپے کا مطالبہ کیا تھا ۔
پولیس افسر نے مزید بتایا کہ یہ کیس کراچی کے شاہراہ نور جہاں پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا اور یرغمالی کی بازیابی کے لیے ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے شکارپور کے بیگاری کچے علاقے میں چھاپہ مار کر یرغمالی کو بازیاب کر لیا ہے ۔