وزیر اعلیٰ سندھ کے نجی سیکرٹری کے بیٹے پر پولیس افسران کو دھمکانے کا مقدمہ درج

99

حیدرآباد: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے نجی سیکرٹری سلیم باجاری کے بیٹے ارسلان باجاری پرحیدرآباد میں اسنیپ چیکنگ کے دوران پولیس افسران کے ساتھ بدتمیزی اور دھمکی دینے کے معاملے میں مقدمہ درج  کر لیا گیا ہے ۔

 پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ارسلان باجاری کے خلاف قاسم آباد پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں ان پر پولیس افسران کو دھمکانے اور بدتمیزی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔

ایس ایس پی حیدرآباد، ڈاکٹر فرخ لنجار، نے بیان دیا کہ ارسلان باجاری نے پولیس اہلکاروں کو دھمکی دی، اور اس معاملے میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس افسران کے ساتھ کسی بھی قسم کی بے احترامی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

پولیس نے نوجوان کو حیدرآباد میں معمول کی چیکنگ کے دوران رکنے کا اشارہ دیا لیکن وہ رکنے کے بعد چیکنگ کی بجائی پولیس افسران کے ساتھ بد تمیزی اور ناروا سلوک کرنے لگا جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی ۔ پولیس افسران کو گالیاں دیتے ہوئے کہا کہ “میں تمہاری آنکھیں نکال دوں گا” اور “تم میرے خادم ہو”۔

پولیس افسر نے نوجوان سے کہا کہ میں ایک اے ایس آئی ہوں، مجھ سے بات کرتے وقت کچھ احترام سے پیش آؤ لیکن ارسلان دھمکیاں دینے لگا ۔

جب نوجوان سے شناخت فراہم کرنے کے لیے کہا گیا تو اس نے شناخت کرانے سے انکار کرتے ہوئے کہنا لگا تمہیں میرا نام جاننے کی ضرورت نہیں۔ تم جیسے لوگ ہمیں نہیں روک سکتے۔ میں اپنی گاڑی میں 4 اے ایس آئی کے ساتھ گھومتا ہوں ۔