فضل الرحمن نے 26ویں ترمیم کاجنازہ نکال دیا، شیخ رشید

67

راولپنڈی(صباح نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 27 ویں ترمیم کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں ،27 ویں ترمیم کے خلاف مولانا فضل الرحمن کال دیں گے، مولانا نے کال دی تو ان کو لگ پتہ جائے گا۔سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آفریدی چیف جسٹس آیا ہے، آفریدیوں نے سکھوں، برٹش، روس اور امریکا کو شکست دی تھی، امید ہے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ملک میں انصاف کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جسٹس منیب اختر اور جسٹس منصور علی شاہ نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے، یہ جو خواب دیکھ رہے تھے سب چکنا چور ہو گئے ہیں، سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ جو ہورہاہے اس پر کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمن2 ہی آدمیوں نے عزت بڑھائی ہے باقی سب نے اپنی عزت پر جھا ڑو پھیرا ہے، مولانا فضل الرحمن نے 26 ترمیم کا جنازہ نکالا ہے، یہ ترمیم ن اور ش سب کے گلے پڑے گی ان کو کچھ نہیں ملے گا، 27 ویں ترمیم کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں، 27 ویں ترمیم پر مولانا نے کال دی تو ان کو لگ پتہ جائے گا۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے پھر کہوں گا کہ لوگوں کو معافی دیں، غریب آدمی کے لیے عدالتوں میں آنا آسان نہیں ۔