سعودیہ کا پاکستان میں سرمایہ کاری کاحجم 2.8 ارب ڈالر کرنے کا اعلان

138
ریاض : وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح اورشاہی دیوان کے مشیر محمد بن الیویجری ملاقات کررہے ہیں
ریاض : وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح اورشاہی دیوان کے مشیر محمد بن الیویجری ملاقات کررہے ہیں

ریاض /دوحا /اسلام آباد (اے پی پی) سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے لیے ویزوں میں اضافہ کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں سعودی عرب سے پاکستان کو زرمبادلہ بھیجنے میں اضافہ ہوگا، فوری طور پر صحت کے شعبے میں 300 ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل ہی عملدر آمد شروع کردیا، سعودی ولی عہد کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز ملاقات ہوئی، مالی معاملات میں پاکستان سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران سعودی وزیرسرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری کے لیے27 مفاہمتی یاد داشتیں اب بڑھ کر 34 ہو گئی ہیں، جس سے سرمایہ کاری کا حجم 2.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔ خالد بن عبدالعزیز نے مزید کہا کہ ہمارا دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا اور سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر ہے‘ پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔ سعودی وزیر نے وضاحت کی کہ پاکستان میں27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جن کے تحت 2.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر اتفاق ہوا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برادر ملک سعودی عرب کے تعاون سے پاکستان کو اقتصادی ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں 8 ویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس کے موقع پر ویتنام کے وزیراعظم فام من چن سے ملاقات کی۔ بدھ کو ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے پاکستان ویتنام کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کی بے پناہ استعداد موجود ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف امیر قطر کی دعوت پر2 روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے۔دوحا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قطر کے وزیر مملکت برائے ثالثی محمد بن عبدالعزیز الخلیفی، قطر میں تعینات پاکستانی سفیر اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم سے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی اور قطر بزنس میں ایسوسی ایشن کے وفود بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم قطر میوزیم میں منظر آرٹ ایگزی بیشن افتتاح کریں گے جس میں1940ء سے اب تک کے پاکستان میں آرٹ اور آرکیٹیکچر کو پیش کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مقبوضہ فلسطین میں فلسطینیوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارہ یو این آرڈ بلیو اے کی کارروائی میں رکاوٹیں ڈالنے کے اسرائیلی اقدامات کی پرزور مذمت کی ہے۔ بدھ ایکس(سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بے یارومددگار لاکھوں فلسطینیوں شہریوں کو ضروری امداد کی فراہمی کو روک کر ایک بار پھر اسرائیل انسانی ہمدردی کے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹرکی صریح خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے جس کے لیے بین الاقوامی برادری کو اسرائیل کو جواب دہ ٹھہرانا چاہیے۔