نئی دہلی (اسپورٹس ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز اوپننگ بلے باز ٹام لیتھم نے کہا ہے کہ میزبان بھارتی ٹیم کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیکر سیریز کلین سویپ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کو پہلے 2 ٹیسٹ میچوں میں شکست دینے کے بعد ان کی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو میزبان بھارتی ٹیم کے خلاف 3 میچوں کی سیریز میں 0-2کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لئے حکمت عملی تیارکر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ 32 سالہ لیتھم نے کہا کہ وہ میزبان ٹیم کے خلاف پہلے2 ٹیسٹ میچوں کی طرح تیسرے میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور بھارت کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں شرکت کیلئے بے تاب ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 16سے20اکتوبر تک ایم چناسوامی ا سٹیڈیم، بنگلورو میں کھیلے گئے3 میچوں کی سیریز کے ابتدائی ٹیسٹ میچ میں بھارت کی ٹیم کو 8وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ 24 تا28اکتوبر تک مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم، پونے میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان بھارتی ٹیم کو 113رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-2کی فیصلہ کن برتری قائم کر لی تھی۔