فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) جماعت اسلامی کی ضلعی سیاسی کمیٹی کے صدرمیاں طاہرایوب نے سوئی گیس کی قیمتوں میں ایک بار پھربھاری اضافہ کرنے کی خبروں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مہنگائی کے مارے عوام پر ڈرون حملہ قراردیاہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل سرنڈر ہو گئی ہے، قوم بند کمروں میں ہونے والے فیصلے قبول نہیں کرے گی۔ پیٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف لانگ مارچ کرنے والے موجودہ حکمران حکومت میں آکر عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہے ہیں ۔ گیس اورا یل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کی خبروں نے عوام کے ہوش اڑادیئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یوٹیلٹی بل عوام کیلئے موت کے پروانے بن گئے ہیں۔ حکمران اگر عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے تو تکلیف بھی نہ دیں ۔ عوام کو تکلیف پہنچانے والے عوامی غیظ وغضب سے بچ نہیں سکیں گے ۔انہوں نے کہاکہمسلسل مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ عوام کو دو وقت کی باعزت روٹی کمانے کے لیے بھی جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں ۔ لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں ۔ عوام ٹینشن اور ڈپریشن کا شکار ہیں، اس وقت پاکستان کی نصف سے زائد آبادی بیروزگار ہو چکی ہے قیمتیں بڑھانے سے عوام پر اربوں روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، اگر حکومت نے ماضی کی پالیسیوں کو جاری رکھتے ہوئے پیٹرول ، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کیا تو عوام اٹھ کھڑے ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک کی دوتہائی آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزار نے پر مجبور ہے۔ 25 ہزار اوسطاً تنخواہ لینے والے شخص کا گھر کا بنیادی خرچہ 75 ہزاروپے سے تجاوز کر چکا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیاہے کہ ایل پی جی،بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتوںمیں اضافہ فوری طورپر واپس لیا جائے ۔