پاکستان کاربن کے عالمی اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈال رہا ہے، احسن اقبال

201
emergency

 اسلام آباد:  وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم آر ایف کی شراکت داری پاکستان کو کسی بھی طرح کے چیلنجز کا سامنا کرنے میں مدد کرے گی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی ایم اے) کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہاکہ  پاکستان ان 10 ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں، پاکستان کاربن کے عالمی اخراج میں محض ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈال رہا ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بعض ترقی یافتہ ممالک کے غیر محتاط رویے کا نشانہ بنا ہوا ہے، دو سال قبل پاکستان نے بدترین سیلاب کا سامنا کیا جس کا تخمینہ 30 ارب ڈالر کے نقصان کی صورت میں ہوا، 2022میں عالمی اداروں اور ممالک کی جانب سے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے دی گئی رقم کا مجموعی طور پر7- 5فیصد گرانٹس جبکہ باقی رقوم قرض کی مد میں دی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو پیسہ امدادی قرض کی صورت میں ملا وہ پاکستان  کو واپس بھی کرنا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ 2022 کی فلڈ رسپانس کمیٹی کی سربراہی کرنے کے بعد میں انتہائی ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ ہمارے اندر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت ہے۔