اسلام آباد : مسلم لیگ (ن)کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے احتساب عدالت اسلام آباد میں زیر سماعت توشہ خانہ کی گاڑیوں کا ریفرنس واپس کرنے کی درخواست دائر کردی۔
احتساب عدالت اسلام آباد کی جج عابدہ سجاد نے صدر مملکت آصف زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس کی سماعت کی۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ان کے وکیل رانا عرفان عدالت پیش ہوئے اور سابق وزیر اعظم کی جانب سے ریفرنس واپس کرنے کی درخواست دائر کردی۔نواز شریف کے وکیل نے عدالت میں مقف اپنایا ہیکہ قومی احتساب بیورو(نیب) ترامیم کے بعد توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نیب ترامیم کے بعد توشہ خانہ گاڑیوں کا ریفرنس نیب دائرہ اختیار میں نہیں آتا، دائرہ اختیار کو دیکھتے ہوئے توشہ خانہ گاڑیوں کا ریفرنس نیب کو واپس بھیجا جائے۔احتساب عدالت اسلام آباد نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور کیس کی سماعت 7 نومبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال اپریل میں کیس کی سماعت کے دوران نیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو توشہ خانہ کی گاڑیوں سے متعلق ریفرنس سے بری کرنے کی استدعا کردی تھی۔