تحریک انصاف سے علیحدگی کا سوچ بھی نہیں سکتا، اسد عمر

95

لاہور: سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت اختیار نہیں کی کیونکہ ابھی تک پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار نہیں کی ہے ۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے اسے ’’محض پروپیگنڈا‘‘ قرار دے دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ لاہور میں ہیں اور کسی پارٹی میں شامل نہیں ہوئے۔ انہوں نے فواد چوہدری پر بھی زور دیا کہ وہ پرسکون رہیں اور سخت الفاظ سے گریز کریں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 9 مئی کو آتش زنی کیس میں ان کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی تھی۔ عدالت نے اسد عمر کو تفتیش میں شامل کرنے سے متعلق استفسار کیا تو وکیل نے اثبات میں جواب دیا۔

ایک پولیس افسر نے بتایا کہ تین مقدمات میں تفتیشی افسر عدالت میں موجود نہیں تھے۔ اسد عمر کے وکیل نے کہا کہ وہ جے آئی ٹی میں پیش ہوئے اور ویڈیو ثبوت بھی موجود ہیں۔ تاہم ایک پولیس افسر نے بتایا کہ اسد عمر تفتیش میں پیش نہیں ہوئے۔

وکیل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کا موکل تین بار تفتیش کے لیے پیش ہوا اور وہ 14 ماہ سے عبوری ضمانت پر رہا ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے ڈی ایس پی (لیگل) کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔