ملک میں ڈینگی، چکن گونیا اور ملیریا کے کیسز میں اضافہ

126

کراچی(نمائندہ جسارت) ملک کے مختلف حصوں میں ڈینگی، چکن گونیا اور ملیریا کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔ ملک کے بڑے اور چھوٹے شہروں میں ڈینگی، چکن گونیا اور ملیریا سمیت دیگر وبائی امراض کی شدت بڑھنے لگی ہے۔ حکام نے بتایا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں ڈینگی اور چکن گونیا کے کیسز میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے اور اسپتال مریضوں سے بھرگئے ہیں۔محکمہ صحت کے حکام کے مطابق صوبے بھر میں ملیریا کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور جنوری سے اکتوبر تک سندھ میں ملیریا کے 2 لاکھ 49 ہزار 151کیس سامنے آئے ہیں۔ترجمان محکمہ صحت کے مطابق کراچی سے ملیریا کے ایک ہزار 976کیس رپورٹ ہوئے، حیدرآباد ڈویژن سے ملیریا کے ایک لاکھ 19ہزار 293 اور لاڑکانہ سے 55 ہزار 294کیس سامنے آئے۔حکام کا بتانا ہے کہ میرپورخاص سے ملیریا کے 33 ہزار 953 کیس، شہید بینظیرآباد سے 20 ہزار 858 جب کہ سکھر سے ملیریا کے 17ہزار 777کیس رپورٹ ہوئے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بیماری پھیلنے کی بڑی وجوہات میں ناقص نکاسی آب کے نظام کی وجہ سے مچھروں کی افزائش اور احتیاطی تدابیر کا فقدان شامل ہے۔