پاکستان کو قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے اے ڈی بی کی 50 کروڑ دالر قرض کی منظوری

99

اسلام آباد (اے پی پی) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے خطرات کو کم کرنے کے ضمن میں 50 کروڑ ڈالرکے قرض کی منظوری دیدی ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق پالیسی پرمبنی قرضہ ماحولیاتی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے پروگرام سی ڈی ریپ کے تحت فراہم کیا جارہاہے جس سے پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے خطرات کو کم کرنے اورموسمیاتی لچک میں اضافہ کی منصوبہ بندی، تیاری، اور جواب دینے کی ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی، پروگرام کے تحت قدرتی آفات کے خطرات کو کم کرنے اور ماحولیاتی موزونیت ولچک کے شعبہ میں شمولیتی سرمایہ کاری کو بڑھانے میں مددملے گی۔ اعلامیہ میں بتایاگیاہے کہ پاکستان ایشیا اوربحرالکاہل کے خطے میں ماحولیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے خطرات سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ بینک کے وسطی اورمغربی ایشیا کے ڈائریکٹر جنرل ایوگینی ژوکوو نے بتایا کہ یہ پروگرام بینک کے کی طویل المدت کوششوں کی بنیاد پر بنایا گیا ہے جس کامقصد پاکستان میں موسمیاتی اور قدرتی آفات کے خطرات کو سمجھنا اوران سے نمٹنے کے لیے موثراقدامات اٹھاناہے۔پروگرام کے تحت قدرتی آفات کے خطرات کی نقشہ سازی اور ماڈلنگ کی صلاحیت کو بڑھایا جائے گا اور سرمایہ کاری اور ترقی سے متعلق فیصلہ سازی میں بہتر تعاون کوفروغ دیا جائیگا۔ پروگرام کے تحت عوامی اور نجی ذرائع سے موسمیاتی مالیات کومتحرک کرنے کے لیے اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے جن میں مقامی گرین سکوک (اسلامی بانڈ) کے اجرا کی بھی شمولیت ہے۔ اعلامیہ کے مطابق متوقع قدرتی آفات کی مالی اعانت کا یہ طریقہ کار پہلی بار وسطی اور مغربی ایشیا کے خطے میں استعمال کیا جارہاہے۔ پروگرام کے تحت سولیڈیرٹی فنڈکے قیام کیلئے کوششیں جائیگی تاکہ زراعتی انشورنس کوتقویت دی جاسکے۔ بینک نے پروگرام کے نفاذ کے ضمن میں پاکستان کے لیے1 ملین ڈالر کی تکنیکی معاونتی گرانٹ کی بھی منظوری دی ہے۔