عمران و بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر دلائل طلب

27

اسلام آباد (اے پی پی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پائونڈ کیس میں ٹرائل کو حتمی فیصلہ سنانے سے روکنے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرلیے ہیں۔ عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سزا کیخلاف بشری بی بی کی اپیل 14 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے 190 ملین پائونڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی بریت کی درخواستوں اور توشہ خانہ ون کیس میں سزا کیخلاف اپیل پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ 190ملین پائونڈ کیس کا ٹرائل آخری مراحل میں ہے۔ گزشتہ تاریخوں سے یہ تفتیشی افسر پر جرح کر رہے ہیں ۔ ملزمان کے وکیل عثمان گل نے کہا کہ کل بشری بی بی کی طبعیت ٹھیک نہیں تھی اس لیے وہ ٹرائل میں نہیں گئیں ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ غیر ضروری التوا نہ کریں باقی انہوں نے جرح کرنی ہے کب مکمل کرتے ہیں ان پر ہے ۔عدالت نے بیرسٹر علی ظفر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ نے جلد سماعت کے لیے درخواست دی آفس نے ایک درخواست مقرر کر دی۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ شاید یہ نہیں چاہتے ہماری درخواستیں مقرر ہوں۔ عدالت نے کیس کی سماعت14 نومبر تک ملتوی کردی۔