توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان اور اہلیہ پر فرد جرم عاید نہ ہو سکی

116

راولپنڈی (آن لائن) راولپنڈی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی تاہم کیس میں پانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عاید نہ ہوسکی۔ عدالت نے وکلا مقرر کرنے کیلیے بانی پی ٹی آئی کو 31 اکتوبر تک آخری مہلت دیدی۔ بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی، جسے منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر حاضر ہونے کا نوٹس جاری کردیا گیا۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی جانب سے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنا کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید کا موقف تھا کہ ضمانت ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ ملزم ٹرائل کیلیے عدالت میں پیش نہ ہو۔ بانی پی ٹی آئی نے وکیل مقرر کرنے کیلیے عدالت سے وقت مانگ لیا، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 ہفتے سے وکلا سے ملاقات اور مشاورت کا وقت نہیں دیا گیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ وکلا مقرر کرنے کیلیے آخری موقع دیا جا رہا ہے، آئندہ سماعت پر اگر وکیل مقرر نہ کیے گئے تو عدالت سرکاری وکیل مقرر کر دے گی۔ عدالت نے سماعت 2 نومبر تک ملتوی کردی۔