جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں عوام کو فوری ریلیف دیا جائے اور پٹرول کی قیمتوں میں 85 روپے فی لٹر کمی کی جائے۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانچ آئی پی پیز سے معاہدوں کے خاتمہ سے قومی خزانہ کو 441 ارب کا فائدہ ہوا، مزید 8 معاہدے ختم ہونے جا رہے ہیں جن سے 112 ارب بچت ہو گی، 18 آئی پی پیز سے بات چل رہی ہے، فوجی فائونڈیشن کے تحت چلنے والی 5 آئی پی پیز اور حکمران خاندانوں کی ملکیتی آئی پی پیز سے معاہدے بھی ختم کیے جائیں۔ سارا فائدہ بجلی بلوں میں دیا اور عوام سے بجلی لاگت کے مطابق بل لیا جائے۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں مزید کمی پر حکومت پٹرول کی قیمت 85 روپے لٹر کم اور 60 روپے فی لٹر لیوی ختم کرے۔ امیر جماعت اسلامی نے اعداد و شمار کے ساتھ بجا طور پر یہ ثابت کیا ہے کہ حکومت اگر چاہے تو عوام کے مسائل کا حل مشکل نہیں اور بجلی کے نرخوں میں خاطر خواہ کمی عین ممکن ہے مگر اس کے لیے نیک نیتی شرط ہے جس کا ہمارے حکمران طبقہ میں شدید فقدان ہے۔