پشاور میں جلسہ اب 8 نومبر کو ہوگا،گنڈاپور،عمران خان سے ملاقات کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر

69

اسلام آباد/ پشاور(نمائندہ جسارت+ صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے یکم نومبر کو پشاور میں اعلان کردہ جلسہ کا مقام اور تاریح تبدیل کردی ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جلسے کے لیے یکم نومبر کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اب یکم کے بجائے جلسہ اگلے جمعہ 8 نومبر ہوگا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور جلسے کے لیے رنگ روڈ بالمقابل سرحد یونیورسٹی کا مقام مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ تمام کنارکنان جلسے کی تیاریاں کریں۔ وزیراعلی نے کہا کہ بانی چیئرمین کی رہائی کے لیے تحریک نہیں رکے گی، مشکلات ہیں لیکن ہم نے مقابلہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے ورکرز نے قربانیاں دی ہیں، پشاور کا جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی جس کو آج سماعت کے لیے مقرر کرلیا گیا ہے۔رجسٹرار ہائیکورٹ کے مطابق جسٹس ارباب محمد طاہرآج علی امین گنڈاپور کی درخواست پر سماعت کریں گے۔ رجسٹرار آفس نے کیس آج منگل کو مقرر کرنے کی کازلسٹ جاری کردی۔