لیڈرشپ و پارٹی کیخلاف بیان بازی نہ کریں‘ عمران کا فواد کو پیغام

62

راولپنڈی(صباح نیوز)بانی پی ٹی آئی نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو لیڈرشپ اور پارٹی کے خلاف بیان بازی نہ کرنے کا پیغام بھیج دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ اور فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے درمیان صلح کروادی، جس کے بعد فیصل چوہدری کو دربارہ لیگل ٹیم شامل کرلیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے فیصل چوہدری کو دوبارہ لیگل ٹیم میں شامل کرتے ہوئے انہیں پارٹی کی پالیسی کے مطابق چلنے کی ہدایت کی، اس کے علاوہ عمران خان نے فیصل چوہدری کے ذریعے ان کے بھائی اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو تحریک انصاف کی موجودہ لیڈرشپ اور پارٹی کے خلاف بیان بازی سے باز رہنے کا بھی پیغام بھیج دیا۔قبل ازیں فواد چوہدری نے الزام عائد کیا تھا کہ پی ٹی آئی کا کوئی لیڈر اپنے کمرے سے نہیں نکلتا، آپ کے تمام کارکنان دھکے کھا رہے ہیں، وہ کمروں میں بیٹھے ہیں۔