وزیراعظم کی بلاول کو پنجاب میں پاور شیئرنگ پر عملدرآمد کی یقین دہانی

72

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول زرداری کو پنجاب کی سطح پر پاور شیئرنگ فارمولے پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرادی ۔ ان کا کہنا تھاکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار وطن واپسی کے بعد ترجیحی بنیادوں پر معاملات حل کرائیں گے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے چیئرمین بلاول زرداری کو پاور شیئرنگ معاملے پربریفنگ دی۔ سردار سلیم حیدر نے حکومت پنجاب کے قیام سے لے کر اب تک سیاسی اور ورکنگ ریلیشن کے حوالے سے بلاول بھٹو کو آگاہ کیا۔گورنر نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ تحریری طور طور پر کیے جانے معاہدے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، پنجاب میں ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز، عہدیداران ، ورکرز پریشان ہیں، کوآرڈینیشن کمیٹی کے متعدد اجلاس ہوئے جو بے نتیجہ رہے۔ پنجاب بھر کی یونیورسٹی میں وائس چانسلر لگانے پر حکومتی سطح پر کوآرڈینیشن نہیں کی گئی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پہلے ہی پاور شیئرنگ معاملے پر عہدے سے علیحدگی کو قیادت کی منظوری سے مشروط کیا ہے۔