پولیو جیسے چیلنجز کو شکست دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیراعظم

211
challenges like polio are defeated

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے جب تک پولیو کو ہمیشہ کے لیے شکست نہ دے لیں، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں حالیہ پولیو کیسز اور انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت پولیو کے ایکٹو کیسز کی تعداد 41 ہو چکی ہے، ان کیسز میں سے 25 کیسز ایسے ہیں جن کی روٹین امیونائزیشن بہتر نہیں ہے، ملک کے جن علاقوں میں بچوں میں پولیو ویکسینیشن کی شرح بہتر ہے وہاں پولیو کا پھیلاؤ کم ہے ۔

اجلاس کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے، انشا اللہ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا، جب تک پولیو کو ہمیشہ کے لیے شکست نہ دے لیں، چین سے نہیں بیٹھیں گے، پولیو کے خاتمے کے حوالے سے حکومتی پولیو ٹیم کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

وزیراعظم نے کوآرڈینیٹر قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور سیکریٹری قومی صحت کو حالیہ انسداد پولیو مہم کے دوران ملک میں پولیو سے زیادہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے انسداد پولیو مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے اور امیونیٹی گیپ کے حوالےسے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی بھی ہدایت کی۔