پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کا جھگڑا، ڈنڈے پتھر چل گئے،  کئی زخمی

93

لاہور:پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کے جھگڑے میں ڈنڈے اور پتھر چل گئے، جس سے کئی طلبہ زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق 2 طلبہ تنظیموں کے درمیان پنجاب یونیورسٹی میں تصادم کا واقعہ پیش آیا،  جس میں مشتعل طلبہ کی جانب سے پتھر اور ڈنڈے برسائے گئے، جس سے کئی طلبہ زخمی ہوئے۔

دوسری جانب پولیس حکام نے واقعے کی صورت حال دیکھتے ہوئے افسران سے رپورٹ طلب کرلی اور یونیورسٹی میں طلبہ کے تصادم کو قابو کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ ایس پی سیکورٹی عبدالوہاب نے کہا ہے کہ طلبہ پرامن رہیں اور کیسے بھی حالات میں قانون ہاتھ میں لینے سے گریز کریں۔

جھگڑا جمعیت اور پشتون کونسل کے طلبہ کے مابین ہوا تھا، جس میں ایک دوسرے پر پتھراؤ اور ڈنڈے برسائے گئے جب کہ ہاتھا پائی بھی ہوئی، اس دوران کئی طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔

ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ طلبہ کے درمیان جھگڑا ہیلے کالج میں ہوا، جہاں پختون کونسل سے وابستہ طلبہ ثقافتی رقص (کلچرل ڈانس) کے لیے آئے تھے، اس موقع پر جمعیت کے طلبہ کی جانب سے منع کیا گیا۔  اطلاعات کے مطابق طلبہ نے ساؤنڈ سسٹم توڑ دیا، جس پر جھگڑا شروع ہوا، جس میں کئی زخمی ہو گئے۔