گنڈاپور کا 8نومبر کوپشاور میں تاریخی جلسہ کرنے کا اعلان

65

پشاور:وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور نے 8نومبر کو پشاور میں تاریخی جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبائی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی اجتماع کی وجہ سے پشاور کا جلسہ آئندہ جمعہ کے روز (8 نومبر کو) کیا جائے گا۔

انہوں نے تنظیم کے مقامی عہدے داروں کو جلسے کی جگہ کا تعین کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے رہائی دلوانے کی تحریک جاری رکھیں گے، ہم اسے روکیں گے نہیں۔ تمام مشکلات کا ہر سطح پر مقابلہ کیا جائے گا۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبے میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں، پشاور کا جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت کے خلاف نئی احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں پارٹی کے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ملک گیر جلسوں پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔